|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2016

کراچی:پاکستان کی فیفا میں رکنیت خطرے میں پڑگئی‘ دو سالوں کے دوران پاکستان میں نیشنل ایونٹ کا انعقادنہیں کیاجارہا ہے جو فیفا اور اے ایف سی کے قوانین کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے‘ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نااہلی نے کھلاڑیوں میں شدید مایوسی پیدا کردی ہے‘ پاکستانی فٹبال ٹیم کو بچانے کیلئے پاکستان فٹبال پلیئرز ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایاگیا ہے جس کی نمائندگی انٹرنیشنل کھلاڑی کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے 25 ہزار کھلاڑی نمائندگی سے محروم ہورہے ہیں جس کے باعث ان میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے اوراگر اسی طرح پاکستان فٹبال فیڈریشن معاملات کو چلاتا رہا تو آنے والے وقت میں فیفا کی رکنیت سے پاکستان ہاتھ دھو بیٹھے گا اور اے ایف سی کی پابندیوں کی زد میں آئے گا جس طرح ماضی میں ایران‘کویت اور نائیجیریا نے فیفا اور اے ایف سی کے قوانین کو چیلنج کیاتھا انہیں شدید پابندیوں کا سامنا کرناپڑا تھا‘ پاکستان فٹبال پلیئرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ متعدد محکموں نے اپنی فٹبال ٹیموں کو ختم کردیا ہے جس سے فٹبالرز کی بڑی تعداد بے روزگار ہوئے ہیں جو معاشی طور پر شدید مشکلات کا سامنا کررہے ہیں‘ ان کا کہنا ہے کہ فیفا اور اے ایف سی کے بغیر پاکستان میں فٹبال کی پذیرائی نہ ممکن ہے کیونکہ دونوں اداروں کی مرہون منت فٹبال کھیل اب تک زندہ ہے۔ پاکستان فٹبال پلیئرزایسوسی ایشن کی جانب سے مختلف محکموں کی جانب سے فٹبالروں کے فارغ کرنے محکموں کی بندش اور نیشنل ایونٹ نہ کرانے کے خلاف 9 ستمبربروز جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں کراچی کے انٹرنیشنل ‘نیشنل کھلاڑیوں سمیت آفیشلز اور فٹبال شائقین شرکت کرینگے۔ پاکستان فٹبال پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ فٹبالروں کے ساتھ ظلم وزیادتی کے خلاف اس فورم کے ذریعے آواز اٹھائی جائے گی اور اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا ہے کہ فٹبالروں کو ان کا حق دلانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔