|

وقتِ اشاعت :   October 4 – 2020

نوشکی: نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی اور صوبائی جنرل سیکرٹری خیربخش بلوچ، مرکزی کمیٹی کے رکن سردار آصف شیر جمالدینی، رخشان ریجن کے سکریٹری فاروق بلوچ، تحصیل صدر رمضان حسنی نے نوشکی میں سینیر سیاسی رہنماؤں اور سیاسی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا قیام جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔

انھوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان بھر کی قومی و جمہوری سیاسی جماعتیں انتخابی عمل میں سیول و ملٹری بیوروکریسی اور ایجنسیوں کی مداخلت کے خلاف یک آواز ہوگے ہیں جس سے انتخابی عمل کے شفاف ہونے کے امکانات مستقبل میں روشن دیکھائی دے رہے ہیں انھوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان واضح صف بندی نظر آرہا ہے ایک طرف حقیقی جمہوری و سیاسی قوتیں ہیں۔

جبکہ دوسری جانب اداروں کی پشت پناہی میں قائم غیر فطری سیاسی جماعتیں ہیں اس تقسیم نے سماج میں موجود سیاسی جماعتوں کے کردار کو مزید صاف و واضح کردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پی ڈی ایم نے بلوچستان کے اہم مسائل کو اپنے ایجنڈے میں شامل کرکے مظلوم و استحصال زدہ عوام کو تحریک کا حصہ بنا دیا ہے انھوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔

مصنوعی حکمرانوں کو عوام کے دکھ و درد سے کوئی سروکار نہیں۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے تحریک کے اعلان نے حکمرانوں کے صفوں میں سراسیمگی پیدا کردی ہے ابھی تک پہلے جلسہ عام میں ایک ہفتہ باقی ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں حواس باختہ ہوگے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ لاپتہ افراد کا مسلہ ہو یا بلوچستان میں فرنٹیئر کور کے چیک پوسٹوں کا مسئلہ یہ بلوچستان و ملک کے دیگر علاقوں کے سلگتے ہوئے مسائل ہیں انھوں نے کہاکہ انتخابی عمل میں ایجنسیوں اور اداروں کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی بات اب نہیں رہی ہے وقت آگیا ہے۔

اور اب پاکستان کے تمام معاملات کو جمہوری و سیاسی انداز سے طے کرنا ہوگا انھوں نے کہاکہ نیب ایک متنازعہ ادارہ بن چکا ہے اس پر کسی کو اب اعتماد نہیں ہے کیونکہ نیب اس وقت احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا ہے انھوں نے نوشکی کے سیاسی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 11 اکتوبر کو کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ عام میں بھرپور انداز میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور جمہوری و سیاسی تحریک میں اپنا کردار ادا کریں۔