|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2020

 

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعظم خان سواتی نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سینیٹر احمد خان خلجی اور بریگیڈیئر اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان عاقب نذیر بھی اس موقع پر موجود تھے،

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت وفاق اور صوبے کے مابین تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وفاقی وزیر نے صوبے میں امن وامان کے قیام، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعلیٰ کی تعریف کی، ملاقات میں انسداد منشیات، منشیات کے عادی افراد کی بحالی اور اس حوالے سے صوبائی محکمہ برائے سماجی بہبود کے کلیدی کردار کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا

اور انسداد منشیات کے حوالے سے تعلیمی اداروں اور عوامی سطح پر شعوراور آگاہی کے فروغ سے اتفاق کیا گیا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت منشیات کے انسداد اور منشیات کے عادی افراد کی دوبارہ بحالی کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے گی تاکہ صوبے کی نوجوان نسل منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رہتے ہوئے بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوسکے اور ملک اور صوبے کی ترقی میں اپنا تعمیری کردار ادا کرسکے،

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے صوبائی سطح پر ایسے ورکشاپس اور آگہی پروگراموں کا انعقاد کرے گی جس سے صوبے کے عوام کو منشیات کے منفی اثرات سے متعلق آگاہی فراہم کی جاسکے، وزیراعلیٰ نے کہاکہ انسداد منشیات کے حوالے سے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھاتے ہوئے نوجوان نسل کو اس حوالے سے شعور اور آگاہی دے گی جبکہ اینٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا اور اس سے متعلق تمام تر عملی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔