|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے، ہم کووڈ 18سے لڑ رہے ہیں جو ملک و قوم کے لئے کووڈ 19سے زیادہ خطرناک ہے، اگر وفاقی حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے سنجیدہ ہے تو پہلے وفاقی کابینہ اور نااہل حکومت کی جانب سے جلسے و جلوس پر پابندی لگائے، وفاقی حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کے جلسے و جلوس جاری رہیں گے۔

پشاور کی عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیدیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر ڈیرہ مراد جمالی، مستونگ، قلات اور جعفرآباد سے آئے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میر علی مدد جتک نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے قربانیاں دی ہیں اور پارٹی قیادت تک کو قربان کردیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے جنوری تک وفاقی حکومت کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں ملک میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہی ہیں جب تک ملک میں صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوں گے اس وقت تک ملک میں جمہوری نظام مضبوط نہیں ہوسکتا۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے سلیکٹڈ حکومت کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے جس سفر کا آغاز کیا ہے۔

اس کا تھوڑا فاصلہ باقی ہے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو 2سال کے دوران تباہ کردیا گیاہے جس کی وجہ سے آج غریب دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہاہے۔ کراچی کوئٹہ کے بعد پشاور کی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی پابندیوں کے باوجود جلسوں میں شرکت کرکے یہ ثابت کردیا کہ ملک میں حقیقی جمہوریت چا ہتے ہیں۔