|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت مہنگائی کو قابو کرنے کی بجائے عوام پر مزید مہنگائی مسلط کررہی ہیں اور اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے جبکہ عوام تاریخ کی اس شدید مہنگائی میں پستے جارہے ہیں ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا جو قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ بیان میںکہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت پٹرولیم مصنوعات میں2پیسے کی کمی کرتی ہے اور پھر دن رات میڈیا پر آکر عوام کو ریلیف دینے کے گْن گاتی ہے جبکہ ایک ہفتے کے بعد ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پیسے کی جگہ روپے میں کیاجاتا ہے ۔

اور پھر سلیکٹڈ حکومتی وزراء اور ترجمان میڈیا سے مکمل طور پر غائب ہوجاتے ہیں ۔جبکہ آئے روز بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات اور چینی ، گھی ،تیل ،آٹا ودیگر اشیاء ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا مقصد عوام کو ریلیف دینے کی بجائے عوام کو مزید مشکلات وپریشانی سے دوچار کرنا ہے کیونکہ سلیکٹڈ حکومت جہاں عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔

وہی اپنے عوام دشمن پالیسیوں واقدامات کے باعث غریب عوام کو مزید غربت میں دھکیل رہی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست مدینہ کی دعویدار جماعت اور تبدیلی کے نعروں پر عوام کو سبز باغ دکھانے والوں نے 2018کے انتخابات میں اپنی سلیکشن کرواکر اقتدار تو حاصل کرلیا ۔

اور اب اڑھائی سال گزرنے کے بعد سلیکٹڈ وزیر اعظم اور ان کے وزراء، مشیران، معاون خصوصی اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ وہ اپنی وزارتوںاور حکومت کو چلانے میں ناتجربہ کاراور ناکام رہے ہیں ۔

لیکن ہمارے غیور عوام یہ سوال کرتے ہیں کہ ملک میں موجودہ بحرانوں اور تاریخی مہنگائی وبیروزگاری کا ذمہ دار کون ہے ؟کیونکہ 50لاکھ گھر اور ایک کروڑنوکریاں دینے، ملک سے باہر لوگوں کا دوبارہ ملک میں آکر روزگار کرنے اوریہ دعوی کرنیوالی جماعت کہ روزگار کے مواقع زیادہ اور نوجوانوں کمہونگے آج یہ جماعت اپنی تمام دعووں پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے ۔