|

وقتِ اشاعت :   March 16 – 2021

کوئٹہ: بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہاہے کہ صوبے کے کھلاڑی محنت اور لگن کو اپنا شعار بنائیں، بلوچستان پاکستان میں ہاکی کو لیڈکرے گا، سترہ سال بعد کوئٹہ میں 23 مارچ سے ہونے والے آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے صوبے پردورس نتائج مرتب ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر بلوچستان پیس فورم کے وائس چیئرمین ظفر صدیق، امجد ستی،حاجی عبدالرحیم ترین،ظاہر خان دمڑ، عباس لہڑی،ملک مصطفی کاکڑ ودیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچستان میں 17سال بعد 23 مارچ سے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے انتظامات اور اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی کوچنگ کرتے ہوئے انہیں اپنی فٹنس مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور اپنے تجربات سے انہیں آگاہ کیا۔ دورے کے موقع پر اسٹیڈیم کے منتظمین نے انہیں آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹ کے انعقاد اور اب تک ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دی۔کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جدوجہد کے نتیجے میں سترہ سال بعد منعقد ہونے والے قومی ہاکی ٹورنامنٹ کے صوبے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی اسٹیڈیم میں شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اور یہاں جلد فٹنس جم بھی بنائیں گے ہماری کوشش ہے کہ اپنی استعداد میں اضافہ کرکے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہاکی کے کھیل کو مزید فروغ دیں۔انہوں نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ ٹورنامنٹ کے دوران پورے پاکستان کی توجہ بلوچستان کی ہاکی پر مرکوز رہے گی۔

اس لیے کھلاڑی اپنے کھیل پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے کراس میں مزید نکھار لائیں تاکہ فتح بلوچستان کی ہو، انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بلوچستان کو ہاکی کا مرکز بنایاجائے اور بلوچستان باقی ملک میں ہاکی کو لیڈ کرے یہ ہمارے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

جسے اپنی محنت اور لگن سے پورا کریں گے۔ انہوں نے منتظمین کو ٹورنامنٹ کی کامیابی کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مثالی ٹورنامنٹ کے انعقاد اور ملک کے دیگر صوبوں سے آنے والے کھلاڑیوں کی مہمان نوازی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔