|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2021

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اوگرا نے پیٹرول پر ایک روپیہ 90 پیسے فی لیٹر  اور ڈیزل پر 3روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔

فرخ حبیب کا کہنا تھاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے سے حکومتی خزانے کو 2.77 ارب کا روپے بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 31 مئی تک برقرار رہیں گی۔

وزرات خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 108 روپے 56 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 110 روپے 76 پیسے برقرار رہے گی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مٹی کے تیل کی قیمت 80 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 77 روپے 65 پیسےفی لیٹربرقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ 30 اپریل کو بھی حکومت نے اگلے 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔