|

وقتِ اشاعت :   September 23 – 2021

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بڑے بڑے مافیاز بیٹھے ہیں اور یہ قانون کی حکمرانی نہیں چاہتے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ مافیاز کہتے ہیں کہ ہمیں این آر او دو اور غریب کو پکڑو۔ مافیا کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔

ماضی کے حکمرانوں نے نظام کو مضبوط نہیں ہونے دیا۔

عمران خان نے کہا کہ رسیدیں دینے کی بجائے باہر بیٹھ کر تقریریں کی جا  رہی ہیں، کبھی جھوٹے لوگ قوم نہیں بنا سکتے۔ ملک میں ایسے لوگ آئے جو اربوں کی پراپرٹی پر بیٹھے ہیں۔

یورپ میں الیکشن میں دھاندلی کی سوچ بھی نہیں ہے، ہمیں مضبوط قوم بننے کے لیے کردار کی ضرورت ہے۔

پاکستان بنا تو آبادی کم تھی،آج بہت بڑھ گئی، آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے،آبادی بڑھنے کی وجہ سے گندم منگوانا پڑی، اس مرتبہ فصل بہتر ہوئی ہے۔

ملک میں 50 سال بعد ڈیم بن رہے ہیں،ہمیں زراعت پر تحقیق کرنے کی ضرورت ہے،پاکستان میں زیتون کی کاشت کا انقلاب آ رہاہے۔

دنیا کی تاریخ پڑھی ہے، ریاست مدینہ میرے ایمان کا حصہ ہے،اس کے اصول بڑے انقلابی تھے،ان لوگوں  میں سے نہیں جو  اسلام کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں،دین کی پیروی نہ کرنے کی وجہ سے ہمارے حالات ابتر ہیں۔