|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2021

اپوزیشن کے مہنگائی کے معاملے پرحکومت مخالف تحریک چلانے کےاعلان کے بعد پی ٹی آئی  نے بھی مقابلے کی تیاری پکڑ لی۔وزیر اعظم نے حکومت مخالف اپوزیشن کی تحریک پر پی ٹی آئی  کو متحرک کرنے کافیصلہ کر لیا۔ وزیراعظم اہم قومی ایشوز پر بھی پارٹی کی مرکزی و صوبائی قیادت سے مشاورت کریں گے۔

وزیراعظم نے  پی ٹی آئی  کی مرکزی و صوبائی قیادت  کے 3 الگ الگ اجلاس طلب کرلیے. پی ٹی آئی پنجاب اور مرکزی قیادت کا اجلاس آج شام پونے 4بجے وزیراعظم ہاوس میں ہوگا۔اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چودھری، شفقت محمود عامر کیانی اور سیف نیازی شریک ہوں گے۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مرکزی قیادت تینوں اجلاسوں میں شریک ہوگی

پنجاب سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور صوبائی پارٹی قیادت شر کت کرے گی۔ وزیر اعلیٰ  خیبر پختونخوا  ،گورنر ،صوبائی وزرا  کا بھی الگ سے اجلاس ہوگا۔ گورنر عمران اسماعیل،اپوزیشن لیڈر حلیم عادل اور سندھ کی پارٹی قیادت کو بھی  الگ اجلاس میں بلا لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کو فعال اور منظم کرنے کے حوالے سے صلاح مشورے ہوں گے۔ اجلاسوں میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کے لیے ٹھوس حکمت طے کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان قومی ایشوز پر پارٹی قیادت کا نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان سیاسی اور پارلیمانی امورپر مشاورت کریں گے۔اجلاس میں وزرا اور پارٹی قیادت سے مہنگائی میں کمی پر رائے لی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان انتخابی اصلاحات کے حوالے معاملات پر مشاورت کریں گے۔اجلاس میں ڈینگی  سے نمٹنے، حکومتی اقدامات پر بریفنگ  بھی ہوگی۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد ا پوزیشن جماعتوں نے حکمران جماعت کو خوب تنقید کانشانہ بنایا تھا ۔ پی ڈی ایم آج سے  حکومت مخالف تحریک بھی شروع کر رہی ہے۔