|

وقتِ اشاعت :   January 12 – 2022

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کے بیشتر اقدامات عوام دوست ہوتے ہیں، اس سے قبل بھی وہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے منصب پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں ،انہوں نے عوامی نوعیت کے منصوبوں کو زیادہ اہمیت دی اور خاص کر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کے حوالے سے بھی ان کا سیاسی رویہ بہت زبردست ہے۔ ایک عوام دوست وزیراعلیٰ کی طرح وہ صوبائی معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرکو اعتماد میں لیتے ہیںحالیہ مثال ریکوڈک منصوبے کا ہے جس میں ان کیمرہ بریفنگ میں تمام سیاسی جماعتوں کو مدعو کیا گیا۔

گوکہ ہرسیاسی جماعت کا ریکوڈ ک پر اپنا نقطہ نظر ہے اور اختلافات بھی ہیں مگر یہ بڑی بات ہے کہ کسی بھی معاملے کو خفیہ نہیںرکھااور کھل کر تمام پہلوؤں سے آگاہ کیا تاکہ سیاسی جماعتیں اپنی تجاویز دے سکیں۔ دوسری جانب صوبے کی پی ایس ڈی پی پر بھی میرعبدالقدوس بزنجو تمام حلقوں کو ترجیح دیتے ہیں اورصوبائی مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کرتے ہیں جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی رقم مختص کرنے اور نامکمل منصوبوں کی جلدتکمیل کے لیے بھی سنجیدگی سے اقدامات اٹھاتے ہیں۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ میر عبدلاقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی پی ایس ڈی پی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پی ایس ڈی پی پر عملدرآمد کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبوں کے لیے فنڈز کے اجراء پر پابندی کا تاثر درست نہیں۔ اجلاس نے پی ایس ڈی پی 2021-22 میں شامل جاری منصوبوں کو فنڈز کے فوری اجراء کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پی ایس ڈی پی میں شامل جاری منصوبوں پر عملدرآمد تیز کرکے انکی بروقت تکمیل یقینی بنائے جائے گی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نئے اور جاری منصوبوں کے لئے فنڈز کے اجراء کا تناسب برقرار رکھا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پی اینڈ ڈی کی اتھارائیزیشن اور محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں توازن قائم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اے سی ایس پی اینڈ ڈی ترقیاتی منصوبوں کو فاسٹ ٹریک پر لانے کے لیے انتظامی سیکریٹریوں سے کوآرڈینیشن قائم کریں اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت رپورٹ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کو ارسال کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔

اجلاس میں کوئٹہ پیکج پر عملدرآمد سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ پیکج میں شامل ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں وزیراعلیٰ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کو کوئٹہ پیکج پر عملدرآمد کی پیش رفت میں اضافے کی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ پیکج کے منصوبوں کو بروقت فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جائیگا۔اجلاس کو محکمہ پی اینڈ ڈی کی تنظیم نو اور محکمے میں اصلاحات لانے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی اجلاس نے تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے انہیں منظوری کے لیے صوبائی کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کو محکمہ پی اینڈ ڈی کے ونگ بیورو آف سٹیٹسٹکس کو مستحکم بنانے کے لئے مجوزہ اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی جس کا مقصد ترقیاتی منصوبوں کی بہتر پلاننگ ہے۔ اجلاس کو پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقوں کے مجوزہ ترقیاتی ایکشن پلان پر بھی بریفنگ دی گئی ایکشن پلان میں روڈ نیٹ ورک کے ذریعے سرحدی علاقوں کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی تجویز شامل ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکشن پلان کو عملی جامہ پہنانے سے سرحدی علاقوں میں روزگار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔اجلاس نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ایکشن پلان میں شامل منصوبوں کا پی سی ون بنانے کی ہدایت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ سرحدی علاقوں کی ترقی کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت سے معاونت حاصل کی جائے گی۔وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو کی جانب سے سرحدی علاقوں کی ترقی اور معاشی حوالے سے دلچسپی بھی قابل تعریف ہے امید ہے کہ اپنی مدت کے دوران بلوچستان کے عوام کے مسائل کسی حد تک حل کرینگے اور اپنی عوام دوست پالیسی جاری رکھیں گے۔