|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2022

خاران: اسسٹنٹ کمشنر خاران امتیاز محفوظ نے عوامی شکایات پر خاران سے باہر بھیڑ بکریاں لے جانے پر پابندی عائد کردی اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر نے ضلع خاران کے تمام ٹرانسپورٹرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سختی سے تاکید کیا کہ خاران ضلع سے باہر کوئی بھی ٹرانسپورٹر بھیڑ بکری لے جانے کی کوشش نہ کریں اگر کوئی بھی ٹرانسپورٹر بھیڑ بکری کے ساتھ پکڑا گیا تو اس ٹرانسپورٹر کی نہ صرف روٹ پرمٹ کینسل کی جائے گی۔

بلکہ بھیڑ بکریوں کو بھی سرکاری تحویل میں لے کر نیلام کیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر خاران نے کہا کہ رمضان المبارک میں گوشت کے قیمتوں کو مناسب رکھنے اور قلت کے خاتمے کے لیے بھیڑ بکریوں کا ضلع سے باہر لے جانے پر پابندی عائد کیا ہے تاکہ رمضان المبارک میں خاران کے عوام کو گوشت مناسب قیمتوں پر آسانی سے مل سکے۔

اسسٹنٹ کمشنر خاران نے مزید کہا کہ تمام لیویز چیک پوسٹوں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور اسی طرح بس اڈے سے بیرون اضلاع نکلنے والی بسوں اور ویگنوں کی بھی کڑی نگرانی کررہے ہیں اور اس ضمن میں کوئی رعایت کی گنجائش نہیں ہے۔ خاران ضلع سے کسی صورت بھیڑ بکریاں لے جانے کی اجازت نہیں دینگے،