|

وقتِ اشاعت :   May 6 – 2022

خضدار:  خضدار، نال، گریشہ اور کودہ سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی و قبائلی شخصیات نے بسیمہ تا خضدار N-30 سی پیک روڈ کے متاثرہ زمینداروں کو معاوضہ کی ادائیگی کا عمل شروع کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر قلات ڈویژن داود خان خلجی، ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی اور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمشنر قلات ڈویژن نے متاثرین کی مایوسی خوشی میں بدل دی۔

انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کمشنر قلات ڈویژن داود خان خلجی نے جس طرح سے دن رات کام کرکے معاوضوں کے عمل کو یقینی بنایا متاثرہ زمیندار ان کی ذاتی دلچسپی، ایمانداری اور خلوص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ایک ایسے وقت میں جب متاثرہ زمیندار مایوسی کا شکار تھے اور انہیں ہر بار محض طفل تسلیاں دی جارہی تھیں داود خان خلجی نے بطور کمشنر قلات چارج سنبھالتے ہی N-30 کے متاثرین کا ایک دیرینہ مسئلہ حل کردیا۔انہوں نے کہا کہ الجھے ہوئے پیچیدہ مسائل کا حل نکالنا ہی کسی آفیسر کی قابلیت اور صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔

ایک ایسے وقت میں کہ جب سیاسی جماعتیں اور متاثرین معاوضہ کی عدم ادائیگی پر انتہائی مایوسی کا شکار تھے اور ہر طرف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا تھا داود خان خلجی نے معاوضوں کا عمل مکمل و رقوم کی ادائیگی شروع کرکے اپنی قابلیت اور ایمانداری ثابت کردی۔