|

وقتِ اشاعت :   May 31 – 2023

تربت: آل پارٹیز کیچ کے وفد کا ٹیچنگ ہسپتال تربت کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات، کیچ میں ڈینگی بے قابو، 45 فیصد تک پازیٹیو کیسز کی تصدیق، ہنگامی اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔ ایس ای کیسکو سے ملاقات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر عوامی شکایات درج کیے۔

آل پارٹیز کیچ کے وفد نے کنوینر واجہ غلام یاسین کی قیادت میں میڈیکل سپریڈنٹ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر خالد بلوچ سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور کیچ میں بے قابو ڈینگی کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کیے اور شعبہ صحت کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ایس نے تصدیق کر دی کہ روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال میں جو ٹیسٹ ہو رہے ہیں اس میں 40 سے 45 فیصد کیسز پازٹیو آرہے ہیں۔

جو تشویشناک صورتحال ہے۔ آل پارٹیز کے وفد نے ڈینگی کے مریضوں کیلئے الگ وارڈ قائم کرنے اور ٹیسٹ سنٹر کے قیام کا مطالبہ کیا۔

علاوہ ازیں ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹروں کی ہمہ وقت کی موجودگی پر بھی زور دیا گیا جس پر ایم ایس نے جلد اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی۔ بعدازاں وفد نے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کم والٹیج کے پیش نظر ایس ای کیسکو مکران فارق جھکرانی سے ملاقات کی اور عوامی شکایات پیش کیئے جس پر ایس ای کیسکو نے ایران سے سپلائی کی کمی اور والٹیج متاثر ہونے کا جواز پیش کیا جبکہ آل پارٹیز کے وفد نے بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔