|

وقتِ اشاعت :   June 2 – 2023

کوئٹہ/اسلام آباد:  بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد نے اسپیکر جان جمالی کی سربراہی میں چیف الیکشن کمشنر اسکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔

جس میں پارلیمانی لیڈر خالد مگسی،وزیر مملکت احسان ریکی،روبینہ عرفان اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر منظور کاکڑ اور سینیٹر کہدہ بابر شریک تھے،بی اے پی کے پارلیمانی وفد نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابی امور سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا،جس میں حلقہ بندیوں،بلدیاتی انتخابات اور انتخابی نشان کی تبدیلی سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انتخابی امور سے متعلق تحفظات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر منظور کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور افواہیں ہیں ہم ایک تھے اور ایک ہیں،بی اے پی کو عام انتخابات سے متعلق باقاعدہ منظم کیاجارہا ہے۔

تاہم انتخابی امور سے متعلق تحفظات تھے جس سے چیف الیکشن کمشنر کوآگاہ کردیاگیا ہے کیونکہ ہمارا انتخابی نشان گائے ہے جس کو پہچانے میں پارٹی کے ووٹرز کو پہنچنے میں دشوری کا سامنا تھا کیونکہ گائے کا کچھ انتخابی نشانات سے واضح مماثلت ہے۔