|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی و سینیٹرسعید احمد ہاشمی کے صاحبزادے و پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے پاکستان پیپلزپارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان انہوں نے ہفتہ کو پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹریز حاجی خان محمد بڑیچ، غلام محی الدین رند، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حاجی قاسم اچکزئی، رابطہ سیکرٹری حاجی ربانی خلجی، آفس سیکرٹری اختر بلوچ، ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر اختر شاہ مندوخیل، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین ارباب اسد خان کاسی، سید نصیر شاہ دوپاسی، کوئٹہ ڈویژن کے صدر ایڈوکیٹ خیر محمد ترین، سابق صوبائی وزیر طاہر محمود، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے صدر عین الدین کاکڑ، صوبائی کونسل کے رکن ندیم آفریدی، غلام علی و دیگربھی موجود تھے۔شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی ،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میںمضبوط و مستحکم ہورہی ہے صوبے کے عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کا ادراک رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا سیاسی ماحول دوسرے علاقوں کی نسبت مختلف ہے یہاں رواداری ،باہمی عزت و احترام ،روایات کو بہت اہمیت دی جاتی ہے سید حسنین ہاشمی صوبے کے قدآور سیاسی خاندان کے خانوادے ہیں جن سے بلوچستان کے عوام کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں انکی پارٹی میں شمولیت سے کوئٹہ میں پیپلزپارٹی ایک مضبو ط سیاسی قوت بنے گی انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے سید حسنین ہاشمی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے جھنڈے کا مفلر بھی پہنایا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے سیدحسنین ہاشمی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدے اور رکنیت سے مستعفی ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کی ہے انکے اقدامات کسی سے بھی پوشیدہ نہیں ہیںپیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ اپنے دوستوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے پارٹی کو مضبوط اورفعال کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل وفاق کے ساتھ منسلک ہے اس لئے وفاقی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے پیپلزپارٹی شہدا اور قربانیاں دینے والی جماعت ہے اس جماعت ہے مشکل ترین ادوار میں بھی ریاست یا ملک کو نقصان پہنچانے کی بجائے خود اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج ملک اور باالخصوص بلوچستان کے عوام اپناروشن مستقبل پیپلز پارٹی میں ہی دیکھتے ہیں ۔