|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2023

کوئٹہ:  پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء احسان اللہ خاکسار نے پی ٹی آئی سے اپنی راہیں جداکرنے کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات سے ملک کو نقصان پہنچا ہے ، پی ٹی آئی میں شمو لیت ملک کے دشمنوں کو خوش کر نے کے لئے نہیں کی تھی ، مجھ پر کسی قسم کا دبائو نہیں میں ایک محب الوطن شہر ی ہوں۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ انہوں نے 9مئی کے واقعات کی مذمت کر تے کہا کہ آج قوم کے سرشرم سے جھک گئے ہیں ،ایک سا زش کے تحت پاک فوج پر حملہ کیا گیا جو کہ ہمارے لئے باعث شرم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کو پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کی گئیں ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر فورم پر فوج کا ساتھ دیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کور کمانڈر ہائوس، ریڈیوپاکستان، شہداء کی تصاویر کو نقصان پہنچانا قابل مذمت عمل ہے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی سے مستعفی ہو نے کا اعلان کر تا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا ہر گزیہ مطلب نہیں تھا کہ ملک کے دشمنوں کو خوش کیا جائے بلکہ ہم نے ملک کی بہتری کے لئے پی ٹی آئی میں شمو لیت اختیار کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ مجھ پر کسی قسم کا دبائو نہیں میں ایک محب الوطن شہر ی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ 9مئی کو پاک فوج کے ساتھ ناجائز کیا گیا ہم اپنے اداروں کی خاطر اپنا خون بھی بہا دیں گے ،9مئی کے واقعات کے بعد ہمسائے ممالک میں پروپیگنڈے کئے جا رہے ہیں ۔