|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2023

کوئٹہ :  نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میررحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئی ہے تمام محکموں میں آسامیوں کو فروخت کیا جارہا ہے اور بے روزگار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کی فراہمی ناممکن بنادی گئی ہے ۔

نیشنل پارٹی موجودہ حالات پر خاموش نہیں رہیں گے کیونکہ ہم بلوچستان کے سائل وسائل اور حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں موجودہ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے‘ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی صوبے کے حقوق اور وسائل کی جنگ لڑرہی ہے ۔

جس کی وجہ سے گزشتہ عام انتخابات میں نیشنل پارٹی کو عوام کی نمائندگی سے دور کرنے کے لئے ایسے نمائندوں کو منتخب کیاگیا جنہوں نے پانچ سال کے دوران کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے اور جن جن محکموں میں آسامیاں آئی ہے ان پر میرٹ کی بجائے کرپشن کا بازار گرم کررکھا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی صوبے اور عوام کی نمائندگی جماعت ہے جو بلا تفریق تمام اقوام کے حقوق کی جنگ لڑرہی ہے۔

اور اس کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے نیشنل پارٹی نے جس طرح بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور آئندہ عام انتخابات میں بھی نیشنل پارٹی کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور اس کے لئے عوام کے ساتھ اب سے رابطے شروع کردئیے انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی نے ماضی میں جس طرح عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی اور صوبے کے سائل وسائل کی جنگ لڑی مستقبل میں بھی صوبے حقوق پر خاموش نہیں رہیں گے۔