|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2023

کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے دلیری کے ساتھ انتہاپسندی اور آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا محترمہ شہید نے سمجھوتہ کرنے کی بجائے ملک کی بقا کی جنگ لڑی اور اپنی جان تک قربان کردی لیکن اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔

بینظیر بھٹو شہید کے وژن اور عظیم فیصلوں کے باعث ملک میں جمہوریت مضبوط ہوئی ہم آج اس عزم کا اظہارکرتے ہیں کہ پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں محترمہ شہید کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے، پارٹی کارکنان شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد و کارناموں کو اجاگر کریں تاکہ نئی نسل کے ذہنوں اور تاریخ کو مسخ شدہ حقائق سے آلودہ ہونے سے محفوظ رکھا جاسکے۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،قاسم خان اچکزئی،محی الدین رند،ثناء اللہ جتک،ربانی خلجی خواتین ونگ کی صدر غزالہ گولہ،جنرل سیکرٹری زرینہ زہری، پیپلز لیبر بیورو کے صدر شاہ جہان گجر،ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب اللہ شاہوانی،الطاف حسین گجر،وکلاء ونگ کے سید ظہورآغا،سردار عمران بنگلزئی،جبار خلجی،کرن بلوچ،عزیز لانگو،اسد گجر،شاہنذر ہارونی،عظیم ساتکزئی اوردیگر نے بدھ کو شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو کی70ویں سالگرہ کے حوالے سے کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔مقررین نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو عالم اسلام کی پہلی مسلمان خاتون تھی جنہوں نے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور آمریت کے خلاف جہدوجہد کرتے ہوئے قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سالگرہ منانے کا مقصد سیاسی مخالفین کو بتانا ہے کہ بی بی شہید آج بھی جیالوں کے دلوں میں زندہ ہیں ۔

پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کی حقوق کی علمبردار رہی ہیں ہمیں فخر ہے کہ ہم شہید بھٹو، شہید بی بی اور جمہوریت کے پیروکار ہیں اور ہم نے جمہوریت کیلئے ہمیشہ قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے آخری دم تک جمہوریت اور پاکستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی اور دنیا میں پاکستان کی سر بلندی کے لیئے کوششیں کرتی رہیں، بی بی کا خواب ملک میں جمہوری نظام اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل تھا اور پاکستان بنانے کا مقصد بھی یہی تھا جہاں نہ صرف امن وامان اور عدل و انصاف کا بول بالا ہو، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی عظیم لیڈ ر کی جرات اور بہادری اور پاکستان کی عوام کے لئے دی جانے والی لازوال قربانیوں پر ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے آمریتوں کے خلاف کامیاب جدوجہد کی اور ملک میں عوام کی حکمرانی کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد سیاسی جدوجہد کی ایک نئی تاریخ رقم کی اور اس جدوجہد کے ثمرات سے یہ ملک ہمیشہ مستفید ہوتا رہے گا محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی ہمت اور جدوجہد سے وہ کر دکھایا کہ جس کی مثال ساری اسلامی دنیا میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ دختر مشرق دنیا سیاست کا وہ ستارہ ہے۔

جو بجھ نہیں سکتا شہید بی بی حیات ہوتیں تو آج ملک و عوام کے حالات الگ ہوتے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے عوام اور پارلیمان کو اختیار دینے کی سیاست کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی بحالی اور معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے اور پاکستان میں جمہوریت کے قیام، جمہوری اداروں کی بحالی، عدلیہ کے استحکام اور عوام کے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی وہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتی تھیں شہید بینظیر بھٹو ملک اور قوم کیلئے اپنی خدمات، جدوجہد، پروگرام، پالیسیوں اور عوام سے محبت کے جذبے کی وجہ سے دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ وجاویدرہیں گی۔

اور انکے اصول ہمارے لیئے مشعل راہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے پونے چار سال کے دوران ملک کی معیشت سمیت تمام اداروں کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیاسابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں سیاسی جماعتوں نے آئینی طریقے سے تحریک عدم اعتماد لاکر عمران نیازی کو گھر بھیجا تو پی ٹی آئی اوراسکی قیادت نے ملک اوراداروں کے خلاف سازشیں شروع کردیں اور 9مئی کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری اورقومی تنصیبات پر حملے کئے گئے۔

اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی جس میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

انکے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی ہونی چاہئے تاکہ آئندہ کسی کو بھی ملک اوراداروں کے خلاف سازش کی جرات نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری کی قیادت میں فعال اور منظم ہے اورانشاء اللہ آنے والے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریگی اور بلوچستان سمیت چاروں صوبوں اوروفاق میں حکومتیں بنائے گی۔