|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2023

تربت:  پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی کی کراچی میں رند ہاؤس آمد۔رند ہاؤس آمد پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنما میر عبدالرؤف رند نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر میر حسن خان جمالی، صوبائی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر سید نصیر شاہ دوپاسی، سکندر بھنگوار اورغلام علی جمالی ان کے ہمراہ تھے۔میر چنگیز خان جمالی و دیگر ساتھیوں نے میرعبدالرؤف رند سمیت میراصغررند، میرظہور بلیدی کو ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین کے الیکشن میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اسے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی محنت کا ثمر قرار دیا۔

دوران ملاقات آئندہ عام انتخابات، پارٹی کی تنظیم سازی پرتفصیلی بات چیت کی گئی اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے بھی غور وخوض کیاگیا۔

اس موقع پر میر چنگیز خان جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا وقت پاکستان پیپلز پارٹی کاہے جس طرح کیچ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں پارٹی نے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ مل کر متعدد اضلاع میں اپنے ضلعی چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کرانے میں کامیاب ہوئے اس پر تمام دوستوں، ساتھیوں اور اتحادیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ساتھی اور تمام اتحادی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام ساتھیوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور بلوچستان بھر کے تمام اضلاع کے دورے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قائدین صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان پر خاص نظر ہے اور بلوچستان ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔