|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2023

کوئٹہ : بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن بولان میڈیکل کالج یونٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت شال زون کے صدر نزیر بلوچ نے کی جبکہ مہمان خاص مرکزی سیکریٹری جنرل عظیم بلوچ اور اعزازی مہمانان سیکریٹری اطلاعات بالاچ قادر، مرکزی کمیٹی کے اراکین صمند بلوچ اور کریم شمبے تھے۔ اجلاس میں بی ایس او شال زون کے جنرل سیکریٹری عاطف بلوچ، پَنجگْور زون کے آرگنائزر ڈاکٹر محسن جمیل، گیاوادر زون کے صدر ساقا اقبال، سینئر رکن زرک بگٹی نے شرکت کی جبکہ اجلاس کی کاروائی بی ایم سی یونٹ کے آرگنائزر ڈاکٹر نسیم نے چلائی۔

اجلاس کا آغاز شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے کی گئی جبکہ موجودہ سیاسی صورتحال، بی ایم سی سمیت بلوچستان کے تعلیمی اداروں کے مسائل، تنظیمی امور اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔سیکریٹری جنرل بی ایس او عظیم بلوچ و دیگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اداروں میں تعمیری تنقید اور سیاسی اصلاح کے ذریعے کامیابی حاصل کی جاتی ہے۔ بی ایس او میں اراکین کو تنظیمی فورمز کے اندر تعمیری تنقید کا پورا حق حاصل ہے ۔

بحیثیت قومی تنظیم بی ایس او نے ہمیشہ جمہوری روایات کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ سماج خاص کر نوجوانوں کو غیر سیاسی بنانے کیلئے آج مختلف سامراجی ہتھکنڈے آزمائے جارہے ہیں آئے روز بلوچ طلباء کا لاپتہ ہونا بھی اس سلسلے کی کڑی ہے ریاستی ادارے بلوچستان میں قائم خوف و وحشت کی فضاء کو ہر صورت قائم رکھنا چاہتے ہیں لیکن بلوچ قوم اس بات سے بخوبی واقف ہے کہ بلوچ قومی بقاء پرامن سیاسی مزاحمت سے ہی جڑا ہوا ہے حالات کو جواز بناکر سیاسی عمل سے کنارہ کش ہونا قومی تباہی کا باعث بنے گا بی ایس او نے تمام تر مشکلات و رکاوٹوں کے باوجود پورے بلوچستان میں تسلسل کے ساتھ اپنے سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہوئے کافی حد تک سیاسی جمود کو توڑنے اور سامراجی حربوں کے سامنے رکاوٹ بنی ہے۔