|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2023

ن لیگی رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بانی رہنما میاں محمد نواز شریف جس دن جہاز میں بیٹھیں گے سمجھ لیں الیکشن ہونے والا ہے۔

طلال چوہدری نے توہینِ عدالت کیس میں اپنی سزا کے 5 سال ہونے پر میڈیا سے گفتگو کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جس دن نواز شریف جہاز میں بیٹھیں گے سمجھ لیں الیکشن ہونے والا ہے، ملکی سیاست نواز شریف کے گرد گھومتی ہے، لندن میں ہوں یا لاہور میں ہوں۔

طلال چوہدری کا عام انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہی ہونے چاہئیں، الیکشن کرانے کی اصل ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے۔

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنا ہماری خواہش نہیں۔

طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ توہین عدالت کی میری سزا کے 5 سال پورے ہو گئے ہیں، نواز شریف کا ساتھ دینے پر مجھے سزا دی گئی، مجھ سے اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی۔

طلال چوہدری نے کہا ہے کہ  اس وقت مسلم لیگ ن کے لوگوں کو چن چن کر سزائیں دی گئیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران قسم اٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ خدا کی قسم میں نے توہین عدالت نہیں کی تھی اور نہ نیت تھی، کبھی عدالت کی توہین کی نہ ایسا سوچا، سیاسی انتقام لیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ  غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان آج ان حالات تک پہنچا ہے۔