|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2024

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کچے اور پکے دونوں میں ڈاکوؤں کا راج ہے، ڈاکو راج اصل میں حکومت میں بیٹھےہوئے لوگوں کی وجہ سے ہے۔

ادارۂ نورِ حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتِ حال پر بات کرنا چاہتا ہوں، پونے 3 مہینے میں 134 افراد جاں بحق جبکہ 7 پیٹرول پمپ لٹ چکے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سب اپنی اپنی حکومتیں بنانے میں مصروف ہیں، عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے، مہنگائی عروج پر ہے، قیمتیں کم کرنے میں حکومت ناکام ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی پسند کا آئی جی لگا دیا جائے اور نظام بنا لیا جائے تو بھی حالات ٹھیک نہیں ہوتے، نئے آئی جی سندھ تشریف لائے ہیں صورتِ حال بہتر کریں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ جو پارٹیاں مسلط ہیں انہیں5 فیصد ووٹ نہیں ملے، مرضی کا میئر لگا لیا ہے، اب تو سندھ کا سسٹم اسلام آباد میں جا کر بیٹھ گیا ہے، ان پر ہاتھ اب کون ڈالے گا؟

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارم 47 کی بنیاد پر نتائج دیے، ہماری تمام درخواستوں کو اڑا دیا، ہم قانونی جنگ بھی لڑ رہے ہیں اور عوام کے ساتھ بھی کھڑے ہیں۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پوری دنیا میں سب سے بڑا مسئلہ غزہ کا ہے، اسرائیل کو فلسطین کے لوگوں نے شکست دے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کے دعوے کہاں ہیں، اقوامِ متحدہ کوئی کردار ادا نہیں رہا، جو بائیڈن وائٹ ہاؤس میں تقریر کرنے آ رہے تھے، ان کا عوام نے راستہ روکا۔

امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا کہ 30 مارچ کو رات 11 بجے شاہراہِ قائدین پر جلسہ کریں گے۔