|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کینسر میں مبتلا برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے شاہی خاندان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ پر لکھا ’ہم برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم اور ان کی بہو شہزادی کیتھرین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستانی عوام شاہی خاندان کی بے حد عزت اور احترام کرتے ہیں، ہم اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ کھڑے ہیں۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ روز پرنسز آف ویلز کیتھرین میڈلٹن نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کینسر کی تشخیص کے بعد اب علاج کے ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہیں۔

شہزادی کیتھرین کو لاحق کینسر کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں لیکن کینسنگٹن پیلس نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں پر اعتماد ہیں کہ شہزادی صحت یاب ہو جائیں گی۔

شہزادی کیتھرین کے بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ جنوری میں پیٹ کی سرجری کے وقت یہ بات سامنے نہیں آئی تھی کہ انہیں کینسر ہے تاہم اس سرجری کے بعد ہونے والے ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی۔

انہوں نے کہا کہ ’ولیم اور میں اپنے خاندان کی خاطر اس سارے معاملے کو نجی طور پر سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’فیملی کو اب کچھ وقت اور پرائیویسی چاہیے۔‘