|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2015

کراچی: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی نے اپنے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میں نے وفد کے ہمراہ امریکہ جانے سے اس لئے انکار کیا کیونکہ اگر یہ خطیر رقم جو وہاں ایم پی ایز سمیت دیگر کی سیروتفریح کیلئے خرچ ہو گی اگر اسے بلوچستان کے مفلوک الحال عوام پر خرچ کیا جاتا اور انسانی بنیادی ضروریات کی فراہمی میں یہ رقم خرچ کی جاتی تو اس کے مثبت اثرات نمودار ہوتے بلوچستان میں اکیسویں صدی میں بھی عوام صاف پانی ، صحت ، تعلیم جیسے اہم اور بنیادی نوعیت کے مسائل کا شکار ہیں دوسری جانب حکمران بڑے وفد کے ہمراہ امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں اس سے قبل بھی کئی وزراء و ایم پی ایز نے بیرون ملک کا سفر کیا جو صوبائی بجٹ کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں میں نے بلوچستان کے مفلوک الحال عوام کی پسماندگی وبدحالی کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے وفد کے ہمراہ امریکہ جانے سے انکار کیا کیونکہ پارٹی کے سامنے عوامی خدمت ہی اولین ترجیح ہے ہم نے ہمیشہ عوام کے امنگوں اور حقیقی سوچ کی ترجمانی کی ہے اور عوام کی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دیتے رہیں گے بیرون ملک جا کر عوام کی خدمت کسی صورت ممکن نہیں ۔