|

وقتِ اشاعت :   October 29 – 2019

کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیالانگو نے کہا ہے کہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا بلوچستان سے توقع کے مطابق لوگ آزادی مارچ میں نہ آنے کی وجہ سے اب کچھ سیاسی لوگ صوبے میں بدامنی پھیلانا چاہ رہی ہیں انصارالسلام کالعدم تنظیم ہے۔

اسے کسی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دکی میں لیویز فورس کو دانستہ طور پر اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی لیکن فورسز کے جوانوں نے بھر پور طریقے سے مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن ڈنڈا بردار فورس جس بھی ضلع میں نکلے گی واضح ہدایت کردی گئیں ہیں۔

کہ انکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اورایف آئی آردرج کی جائے۔ میر ضیالانگو نے کہا کہ حکومت کی رٹ ہر صورت قائم ہونی چاہئے انصاراسلام کے لوگ بارہا کوشش کر رہے ہیں کہ سیکورٹی فورسز کے لوگوں سے براہ راست گتھم گتھا ہوں لیکن فورسز نے ایسا نہیں کیا۔

اگر کوئی قانون کو ہاتھ میں لے گا تواسکے خلاف قانون حرکت میں ضرورآئے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں توقع سے کم لوگ شامل ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اب کچھ لوگ بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں سرکار نے پرامن احتجاج میں کسی قسم کی رکاوٹ کھڑی نہیں کی لیکن اگر کوئی کالعدم تنظیم قانون ہاتھ میں لے گی تواسکے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گی۔