|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2021

کوئٹہ: امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ ہم بلوچستان کے مسائل کواجاگر اور اس کے حل کیلئے عوامی مہم چلائیں گے معیشت کی بہتری کیلئے سودوبدعنوانی سے نجات لازمی ہے ہمارے بدعنوان ونااہل حکمران سابقہ حکمرانوں کی طرح سوداور بدعنوانی کو ختم نہیں کر سکتے اس لیے کہ یہ خود چور ،چوروں کا ساتھی اور مافیازکے گرفت میں ہے ۔

معیشت ،معاشرت ونظام زندگی کی بہتری کیلئے نفاذاسلام ہی کامیابی کے راستے ہیں جماعت اسلامی ہی بلوچستان کو اس کا حق دے سکتی ہے قوم جماعت اسلامی ساتھ دیں جماعت اسلامی کے خلاف بے بنیاد جھوٹے پروپیگنڈے کرنے والے بالآخرناکام ہوں گے وسائل سے مالامال بلوچستان کے حکمران خودمالامال ہوئے مگر اہل بلوچستان کو خوار تباہ وبربادکر دیے ۔

جماعت اسلامی ان لٹیروں ،وسائل پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف بھر پورجدوجہد کر رہی ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے حب میں دوروزہ صوبائی مجلس شوری اجلاس کے اختتامی سیشن سے خطا ب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ ،نائب امرا مولانا عبدالکبیر شاکر، بشیر احمدماندائی ،حافظ محمد اسماعیل مینگل ،زاہداختر بلوچ سمیت صوبہ بھر سے اراکین صوبائی مجلس شوری نے شرکت کی۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے صوبائی واضلاع کی گزشتہ رپورٹ پیش کی گئی اورآئندہ لائحہ عمل ،بلوچستان کو حق دو مہم کے حوالے سے مشاورت وفیصلے کیے گیے ۔اجلاس میں بلوچستان کے سلگتے قومی مسائل ومشکلات کے حوالے قراردادیں بھی پیش کی گئی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہاکہ بدقسمتی حکومتی نااہلی کی وجہ سے بلوچستان میں منشیات فروش آزادجبکہ مجبوری بے روزگاری کی وجہ سے ایرانی پٹرول کاکام کرنے والوں کیلئے مشکلات پیدا کی جارہی ہے۔

حکومت منشیات فروشوں کے خلا ف فی الفور اقدامات اٹھائیں تاکہ بلوچستان کی نسل تباہی وبربادی سے بچ سکیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان کو تباہی وبربادی سے بچانے کیلئے دین دار دیانت دار عوام سے مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔کئی دہائیوں سے بلوچستان کو دیانت دار لوگ نہیں ملے ۔