|

وقتِ اشاعت :   April 7 – 2021

تربت: وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے دورہ تربت کے دوران ٹیچنگ ہسپتال تربت کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نور محمد دمڑ، صوبائی مشیر حاجی اکبر آسکانی، رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی، رکن صوبائی اسمبلی لالہ رشید بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا،کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین،ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر میر یوسف خان، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر رحیم بلیدی اور ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اختر بلیدی نے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور تسلی بخش کام کرنے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔اس دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں اسٹاف کی رہائشی کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے۔

پی سی ون میں ایک رہائشی بلاک شامل کیا جائے۔اس دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو تربت کے گرم موسم کی مناسبت سے ہسپتال میں سایہ دار درخت لگانے اور مریضوں کے لیے شیڈ لگانے کے بھی احکامات دیئے۔ اس موقع پر تربت سٹی ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر منظور بلوچ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز 2 منصوبے کے تحت ہسپتال میں تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں ۔

جس میں او ٹی کمپلیکس، کووڈیونٹ،لیبارٹری، آئی سی یو کی تعمیر کے علاوہ بلڈ بینک کا قیام اور گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائلیسس وارڈ کا قیام شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ترقیاتی کام کی تکمیل سے نہ صرف ہسپتال کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ہسپتال کی پرانی عمارت کو ایک نئی شکل مل جائے گی۔بعد ازاں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا ۔

جہاں پر انہیں پنجاب حکومت کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے 200 بستروں پر مشتمل نئے ہسپتال کی تعمیر کے بارے میں مکران میڈیکل کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نے بریفننگ دی۔ اس موقع بریفننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتال کے ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور جلد کام کا آغاز کیا جائیگا۔

اس دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہسپتال کی تعمیر کے بعد تربت شہر میں علاج معالجے کی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی۔اس موقع پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر میر یوسف خان نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو آگاہ کیا کہ ہسپتال کو پی ایم ڈی سی کی طرف سے باقاعدہ ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے۔