|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2021

گوادر: گوادر پورٹ فری زون میں پہلی کمپنی کام کرنے کے لیے تیار، فری زون میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد، تقریب میں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی و جی پی اے افسران، کسٹم کے افسران ، سی او پی ایچ سی ایل کے آفیشلز اور ایچ کے سن کمپنی کے سی او اور آفیشلز نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گوادر پورٹ پائلٹ فری زون پر پہلا صنعتی کمپنی کا قیام عمل میں لایا گیا۔

اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خاص چیرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نصیر خان کاشانی نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر پورٹ فری زون میں ایچ کے سن کمپنی کی بطور پہلی انڈسٹری کا قیام خوش آئند ہے۔

جس سے پہلا شپ منٹ سے صنعتی زون میں عملاً تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ ان سرگرمیوں کو عملی جامع پہنانے میں وزارتِ بحری امور علی حیدر زیدی، حکومتِ بلوچستان، وفاقی سیکریٹری برائے بحری امور، ایف بی آر نے اہم کردار ادا کیا۔ چیرمین گوادر پورٹ نے ایچ کے سن کمپنی کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری نیک خواہشات ایچ کے سن کمپنی کے ساتھ ہیں۔

اس کمپنی کو فعال دیکھ کر دیگر کمپنیاں بھی گوادر پورٹ فری زون کا رخ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ اس کمپنی کے علاوہ چار اور صنعتی کمپنیاں آپریشنل ہونے کے آخری مراحل میں ہیں جوکہ رواں سال کے وسط میں وہ گوادر میں عملی کام کرکے اپنے صنعتی پیداوار کا آغاز کرینگے۔ چیئرمین جی پی اے نے کہا ہے کہ ان صنعتوں کے فعال ہونے سے گوادر کے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔

ایچ کے سن کمپنی کے سی ای او نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایچ کے سن کمپنی ایک ریسائیکل فیکٹری ہے جوکہ گوادر پورٹ فری زون فیز ون میں اپنے کام کا آغاز کررہی ہے۔ جہاں چار اقسام کے تیار شدہ مصنوعات جس میں اسٹیل، ایلومینیم، پلاسٹک اور کاپر شامل ہیں کو تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تیار شدہ مصنوعات میں اسٹیل کو پاکستان میں فروخت کرنے کا ہدف ہے۔

ایلومینیم اور پلاسٹک کو ہمسایہ ملک ایران اور مشرقِ وسطیٰ سے برآمد کرنے کا ہدف ہے جبکہ کاپر کو عوامی جمہوریہ چین سے برآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر خام مال جاپان ، چین اور اٹلی سے درآمد کیے جائیں گے۔ چین میں استعمال شدہ صنعتی مشینیں جن میں برق و نیومیٹکس کے پرزے شامل ہیں کو مزدوروں کے ذریعہ بڑے بڑے ٹکڑے کرائے جائینگے۔

جبکہ مشینوں کو ری سائیکلنگ کے لئے استعمال کیا جائے گا۔اس موقع پر چائینیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمٹیڈ کے چیئرمین مسٹر زانگ باؤ زنگ نے بھی خطاب کیا اور ایچ کے سن کمپنی کو خوش آمدید کیا۔