|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2021

تربت: پاکستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اوورسیزشاہد گچکی نے اتوارکے روز اپنی رہائش گاہ سٹیلائٹ ٹاؤن تربت میں شہرک کے اہم شخصیات اورPNPعوامی کے قائدین کے اعزازمیں ایک پرتکلف ظہرانہ دیا، ظہرانہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے PNPعوامی کے مرکزی صدر،ایم پی اے سیداحسان شاہ نے کہاکہ دیرپا اور پائیدار ترقی کیلئے اجتماعی نوعیت کے منصوبے اہمیت کے حامل ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہماری زیادہ ترتوجہ ایسے منصوبوں پرمرتکزہے کہ جن سے مجموعی طورپر علاقہ اورعوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے، تربت میں ڈرائی پورٹ کے قیام کیلئے قرارداد تیارکرلی ہے، اسمبلی کے آئندہ سیشن میں قرارداد کو پیش کیاجائے گا تاکہ اسمبلی سے اس کی منظوری لی جاسکے، ڈرائی پورٹ کے قیام سے اس علاقہ میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

جبکہ کیچ میں چیمبر آف کامرس کوفعال بنانے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس وقت برائے نام ایک ڈمی چیمبر آف کامرس بنائی گئی ہے جس کاکوئی فائدہ یہاں کے کاروباری لوگوں کونہیں پہنچ رہاہے، چیمبر آف کامرس کے حوالے سے انجمن تاجران ودیگر کاروباری طبقات سے بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ یہ علاقہ جومستقبل میں معاشی سرگرمیوں کامرکز بننے جارہاہے۔

یہاں کے مقامی تاجر اورکاروباری لوگ ان مواقع سے بھرپور فائدہ حاصل کرسکیں، انہوں نے کہاکہ تربت سٹی ڈیولپمنٹ فیزIIپر ایک ارب روپے سے زائد خرچ کئے جارہے ہیں، فیز IIمیں سڑکوں کے علاوہ تعلیم وصحت کے شعبوں پربھی کام کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ بطور عوامی نمائندہ وہ عوام کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے کوشاں ہیں، گوکہ کچھ مشکلات درپیش ہیں مگر مشکلات کامقابلہ کرکے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 2،4لوگوں کے استعفیٰ سے کارکنان نہیں گھبرائیں، عید الفطرکے بعد ایسی شخصیات پارٹی میں شامل ہورہے ہیں جن کے ساتھ ہزاروں لوگ ہیں، پاکستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سنیئرنائب صدر میرغفور احمدبزنجو نے کہاکہ پی این پی عوامی کو اوورسیز میں فعال ومتحرک بنانے میں اوورسیز سیکرٹری حاجی فیض محمد اور ڈپٹی سیکرٹری شاہد گچکی کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔

شاہد گچکی نے آج شہرک کے اہم وچنیدہ شخصیات کویہاں مدعو کیاہے، عیدالفطرکے بعد پارٹی قیادت شہرک جائے گی جہاں باقاعدہ طورپر اہم شمولیتی پروگرام منعقد ہوگی، انہوں نے کہاکہ2018ء کے الیکشن میں سیداحسان شاہ صوبائی اور قومی اسمبلی کی سیٹیں جیت گئے تھے مگر قومی اسمبلی کی نشست چھینی گئی، انہوں نے کہاکہ گوکہ اس وقت ہماری پارٹی کی ایک ایم پی اے ہے مگر شاہ صاحب کی سیاسی حکمت وتدبر کی بدولت ایک ایم پی اے کے باوجود ایک سینیٹرمنتخب کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں، عیدکے بعد 2بڑے اہم شمولیت ہونے والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرمالک ڈھائی سال وزیراعلیٰ رہنے کے باوجود ہمارا ایک ورکر توڑنے میں کامیاب نہ ہوسکے بلکہ ڈھائی سالہ وزارت کے بعد ان کی پارٹی کمزورہوگئی، PNPعوامی کے ڈپٹی سیکرٹری اوورسیز شاہد گچکی نے شہرک کے اہم شخصیات اورپارٹی قائدین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ عید کے بعد باقاعدہ شہرک کادورہ کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیداحسان شاہ اورمیر غفوراحمدبزنجو کی قیادت میں پارٹی مزید فعالیت کی جانب گامزن ہے، اس موقع پر پی این پی عوامی کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری صادق تاجر نے بھی خطاب کیاجبکہ قاضی نوراحمد، التازسخی، اکبربگٹی،محمد عظیم گچکی،دارجان بزنجو، حاجی شریف ودیگر شخصیات بھی موجودتھے۔