|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2022

کوئٹہ : بلوچستان پولیس نے تحفظ خواتین کے لئے “وویمن سیفٹی ایپ “متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں صوبائی خاتون محتسب برائے انسداد ہراسگی کا لاگ ان پورٹ بھی شامل رکھا جائے گا۔

یہ بات صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام ایڈوکیٹ نے آئی جی پولیس بلوچستان سے ملاقات کے بعد ڈی آئی جی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، خاتون محتسب صابرہ اسلام ایڈوکیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو فوری طور پر قانونی امداد کی فراہمی کے لئے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کے تحت موبائل ایپلیکشن کے ذریعے رابطہ کاری و شکایات کے اندارج کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا ہے اس ایپ میں صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ پر لاگ ان کے لئے بھی پورٹ دیا جائیگا۔

تاکہ اس ایپ کے توسط سے ہراسگی کی شکار خواتین رابطہ کرکے شکایات درج کراسکیں ایسی درج کردہ شکایت پر بھی بلا تاخیر کارروائی و تفتیش شروع کردی جائیگی اور قابل دست اندازی مقدمات میں پولیس کی معاونت بھی حاصل کی جائیگی صابرہ اسلام نے کہا کہ سائبر کرائم کے ذریعے ہراسمنٹ کے واقعات کا تدارک بھی ضروری ہے اس سلسلے میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے بھی رابطے میں ہیں اور خواتین کو بلیک میل کرنے والے عناصر کی بیخ کنی کے لئے رائج الوقت قوانین کے مطابق قانونی چارہ جوئی کے لئے صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہراسگی کے خاتمے کے لئے ایسے واقعات میں ملوث ملزمان پر سزاوں کا اطلاق ضروری ہے تاکہ یہ معاشرے کے لئے نمونہ عبرت ہوں اور ایسے جرائم کی حوصلہ شکنی ہوسکے صابرہ اسلام نے کہا کہ بلوچستان میں پولیس کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی وویمن سیفٹی ایپ خواتین کے خلاف رونما ہونے والے واقعات کے تدارک کیلئے ایک غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوگی۔