|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2022

کوئٹہ; کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمان بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ کی سڑکوں کی توسیعی اور تعمیر کے منصوبوں پرکام کی پیش رفت،حائل رکاوٹوں کے خاتمے اور یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا.

اجلاس میں جنرل مینجر این ایچ اے بلوچستان کوئٹہ،ایم ڈی واسا،جنرل مینجر ایس ایس جی سی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن یاسر کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور حکام بھی موجود تھے اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو ویسٹرن بائی پاس،سریاب روڈ،سبزل روڈ اورسرکی روڈ کی توسیع اور مرمت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اس موقع پر کوئٹہ ڈوپلمنٹ پیکج کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت سے متعلقہ  مختلف امور اور حائل رکاوٹوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ ڈوپلمنٹ پیکج کے تحت شہر کے اہم سڑکوں کی توسیع، تعمیر و مرمت اور دیگر منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے درپیش مشکلات سے چھٹکارا مل سکے.

انہوں نے کہا کہ سریاب روڈ اور سبزل روڈ کی توسیع منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے ترقیاتی کام کی رفتار میں تیزی لائی جائے اس کے علاوہ ویسٹرن بائی پاس کی تعمیر کا منصوبہ میں یوٹیلیٹی سروسز کو جلد از منتقل کرکے کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے کام میں معیار اور پائیداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ ان منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس سے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ویسٹرن بائی پاس منصوبے میں یوٹیلیٹی سروسز کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس جی سی کو سختی سے ہدایت کی کہ مزکورہ منصوبے میں یوٹیلیٹی سروسز کو جلد از جلد منتقل کیا جائے اس سلسلے میں کوئی غذر قبول نہیں کیاجائے گا۔سریاب روڈ منصوبے پر سوئی گیس ایک ہفتے میں کام مکمل کریں۔خیزی چوک اور بروری روڈ پر دکانوں کے تمام قانونی کارروائی مکمل کرکے معاملہ حل کیا جائے۔منصوبے میں شامل پلوں کی تعمیر تیزی سے کروائی جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہزارگنجی اور خیری چوک تک دو پلوں پر کام مکمل ہوچکاہے۔جبکہ سریاب روڈ پر کام جاری ہے۔این ایچ اے ویسٹرن بائی پاس منصوبے پر پیمائش اور نشاہدہی کا عمل مکمل کریں تاکہ سوئی سدرن اپنا کام شروع کرسکے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے تمام ترقیاتی  منصوبے شہر اور شہریوں کے مفاد میں ہیں ان کی بروقت تکمیل سے جہاں شہریوں کو سہولت میسر آنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کے مسائل  بھی حل ہوں گے وہی شہر کی بہتری اور خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا.

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بروقت تکمیل سے  رش اور ٹریفک کا دباؤ کم ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا ک۔ اجلاس میں کوئٹہ ڈوپلمنٹ پیکج کے حوالے سے منصوبوں پر کام پر پیش رفت اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔