|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2022

کوئٹہ; سیکرٹری مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان علی اکبر بلوچ نے صوبے میں جاری حالیہ مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کے باعث متعلقہ محکمے کے چیف آفیسرز اور تمام ضلعی انجینئر آفیسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق صوبے میں مون سون بارشوں کی شدت میں اضافے کا امکان ہے.

جسکی وجہ سے شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے لہذا محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تمام آفیسران اپنے عملے اور مشینری کے ساتھ کس بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں.

انہوں نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر محکمہ کی یہ اولین ترجیح ہونی چاہیے کہ ہر حال میں صوبے کے رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ تمام امدادی سرگرمیوں کا دارومدار انہی رابطہ سڑکوں پر ہے اگر یہ رابطہ سڑکیں اور پل بحال رہیں گے تو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیوں میں مشقلات درپیش نہیں ہونگے اور سیلاب زدگان کی مدد فوری ہوسکے گی.

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمے کے تمام آفیسران ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے ریسکیو آپریشن ٹیم کے ساتھ مل کر بھرپور انداز میں امدادی کاروائیوں میں حصہ لیں انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار محکمہ مواصلات و تعمیرات بحالی کے سرگرمیوں میں ہراول دستے کا کردار نبھا رہے ہیں.

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران اور چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کے یہ واضح ہدایات ہیں کہ صوبے میں جاری ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ہر محکمہ بلخصوص محکمہ مواصلات و تعمیرات بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کریں اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران بذات خود ہنگامی صورتحال میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی کا جاہزہ لے رہے ہیں.

لہذا محکمہ مواصلات و تعمیرات سے منسلک ہر فرد امدادی سرگرمیوں میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔