|

وقتِ اشاعت :   September 25 – 2022

عوام کی بروقت مدد کیلئے قائم پولیس ہیلپ لائن جعلی شکایتی کالز کی وجہ سے خود پولیس کیلئے مشکلات کا باعث بن گئی۔

پولیس ہیلپ لائن 15 کسی بھی مشکل میں عوام کا فوری سہارا ہوتا ہے لیکن یہ اہم سہارا جعلی شکایات کرنے والے ناسمجھ لوگوں کے ہاتھوں خود بے چارہ بن چکا ہے۔

راولپنڈی پولیس کو رواں سال لے دوران ہیلپ لائن سروس یر اب تک 25 لاکھ شکایتی کالز موصول ہوئیں جن میں سے 18 لاکھ جعلی نکلی ہیں۔ جس کی وجہ سے پولیس کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

 

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کالز کے باعث اکثر حقیقی شکایات کرنے والے متاثر ہوتے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی شہزاد بخاری کا کہنا ہے کہ رواں برس اب تک ون فائیو (15) پر 25 لاکھ کے لگ بھگ کالز موصول ہوئیں جن میں سے 18 لاکھ کالز جعلی تھیں، ہم ہر کال پر رسپانس کرتے ہیں۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ پولیس کی خاص چیز پر کسی اہم کام یا واقعے کی طرف ہوتی ہے لیکن فیک کال کی بنا پر ساری توجہ دوسری جانب منذول ہوجاتی ہے۔

شہزاد بخاری نے مزید کہا کہ جعلی شکایات کرنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج شروع کردیا گیا ہے۔ اب تک 12 لوگوں پر مقدمات قائم کئے ہیں۔ جعلی کالز بہت زیادہ ہیں اگر سب پر مقدمات درج کریں گے تو بڑی آبادی پر مقدمات ہوجائیں گے۔

راولپنڈی پولیس نے اپیل کی ہے کہ ہیلپ لائن کے غیر ضروری استعمال سے گریز کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ادارے کی مؤثر کارکردگی یقینی بنائی جاسکے۔