|

وقتِ اشاعت :   October 7 – 2022

کوئٹہ: بلوچستان میں مون سون گزرنے کے ایک ماہ بعد بھی ٹرینیں بحال نہ ہو سکیں بلوچستان میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ ختم ہوئے چالیس روز ہوگئے مگر محکمہ ریلویز سبی-جیکب آباد ریلوے سیکشن پر پڑے شگاف پر نہ کرسکا،

ریلوے ٹریک کی مرمت مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت بحال نہیں ہوسکی۔بلوچستان میں یکم جون سے 25 اگست تک ہونے والی مون سون بارشوں نے ریلوے لائنوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا، نوشکی-دالبندین سیکشن اور سبی-جیکب آباد سیکشن پر پٹڑیاں پانی میں بہہ گئیں، بولان میں ہرک کے مقام پر 130 سال پرانا ریلوے پل گر گیا۔

محکمہ ریلویز کوئٹہ کے عملے نے نوشکی-دالبندین ریلوے سیکشن کی مرمت کرکے اس سیکشن پر ٹرین سروس بحال کرادی تاہم سکھر ڈویژن میں سبی-جیکب آباد سیکشن پر پڑنے والے شگاف کی مرمت 40 روز گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہو سکی۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ سبی-جیکب آباد سیکشن پر پڑنے والے شگاف کی مرمت کا کام آخری مراحل میں ہے، جو آئندہ دو روز تک مکمل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد پشاور سے جعفر ایکسپریس کی مچ تک آمد کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، ہرک پل کی مرمت تک مسافروں کو بسوں کے ذریعے مچ سے کوئٹہ لایا جائے گا۔