|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2023

کوئٹہ: بلوچستان کے عوام کے احتجاج اور حکومت کے احکامات ملتے ہی این ایچ اے حکام متحرک ہوگئے بولان میں واقع پنجرہ پل کے مقام پر پختہ راستہ بنادیا گیا جبکہ پل کی تعمیر کا آغاز بھی کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق درہ بولان میں اہم گذرگاہ پنجرہ پل گذشتہ سال آنے والے سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا تھاجس سے بلوچستان سے اندورن ملک جانے والے مسافر اور ٹرانسپورٹر پل نہ ہونے وجہ سے مشکلات کا شکار اور آئے روز بارشوں کے دوران بار بار متبادل راستہ بہہ جانے سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوجاتی تھی۔

نگران وزیر اعظم سے پل کی تعمیر کی اپیل اور انوار الحق کاکڑ کی ہدایت کے بعد این ایچ اے کے حکام حرکت میں آئے اور پنجرہ پل کے مقام پر سیمنٹ کا آئرش پل تعمیر کردیا جس سے بڑی گاڑیوں کو اس راستے پر گذر نے میں مشکل نہیں ہوگی ۔

این ایچ اے کے صوبائی حکام نے بتایا کہ 130میٹر لمبے پنجرہ پل کی تعمیر کا اغاز کردیا گیا ہے

سوائل ٹیسٹ سمیت دیگر مراحل شروع کردئیے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ پچاس کروڑ روپے کی لاگت سے پنجرہ پل کی تعمیر کیلئے چار سے چھ ماہ کا وقت درکار ہوگا۔

این ایچ اے حکام کے مطابق 70سے 80ارب روپے کی لاگت سے کولپور سے جیکب آباد تک قومی شاہراہ کی مرمت کا منصوبہ منظور ی کیلئے ایکنک کو بھجوادیا گیا ہے۔