|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2023

ژوب:  بلوچستان کے علاقے ژوب میں ٹرک اور فیلڈر گاڑی میں تصادم ، چیف آف ناصر و چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار ناصر خان سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ، میتوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہیں ۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ژوب کے علاقے سوری پل کے قریب ٹرک اور فیلڈر گاڑی میں خوفناک تصادم ہوا جس کے نتیجے میں چیف آف ناصر و چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار خان ناصر ، عطاء اللہ ناصر ، حاجی ظفر ناصر اور محمد خان ناصر جاں بحق ہوگئے جن کی نعشوں کو فوری طور پر سول ہسپتال ژوب منتقل کیا گیا جہاں انہیں ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق چیف آف ناصر سردار ناصر خان ناصر اپنے بھائی سردارزادہ عطاء اللہ ناصر، حاجی ظفر ناصر،ملک محمد خان ناصر کے ہمراہ لورالائی میں فاتحہ خوانی کرکے واپس ژوب کی طرف جارہے تھے ژوب کے قریب سوڑی پل کے قریب مخالف سمت سے آنیوالی ٹرک سے ان کی کار ٹکرا گئی ۔

سردار ناصر خان ناصر چیف آف ناصر سردار پائند خان ناصر (مرحوم) کے صاحبزادے ،شہید سردار عجب خان ناصر،مرحوم سردار جمال خان ناصر،سردارزادہ باز خان ناصر کے بھائی تھے جو حالیہ بلدیاتی الیکشن میں اپنے علاقے ناصر آباد سے کونسلر منتخب ہوئے اور بعد ازاں اسے چیئرمین میونسپل کمیٹی منتخب کیا گیا تھا ۔
بلوچستان کے علاقے ژوب میں مسافر بس اور ٹرک میں تصادم ، خواتین اور بچوں سمیت20افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈی آئی خان قومی شاہراہ درازندہ کے علاقے سرہ خاورہ کے قریب کوئٹہ سے ژوب اور ژوب سے پشاور جانے والی مسافر بس کی بریک فیل ہونے کے باعث پیاز سے لوڈ ٹرک کے پیچھے جا لگی جس کے نتیجے میں 8 بچوں،

4 خواتین سمیت کل 20 افراد زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے