|

وقتِ اشاعت :   December 12 – 2023

کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ پولیٹکل فلاسفی بلاامتیاز عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے اردگرد گھومتی ہے

تاکہ عوام کے بنیادی حقوق اور وقار کا تحفظ کیا جا سکیں. کسی بھی ملک اور معاشرہ کی حقیقی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی سیاست کے ساتھ ساتھ پولیٹکل فلاسفی سے ہمیں فکری رہنمائی ملتی ہے. سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر وقت اور ہر حال میں عوام سے قریبی اور فعال رابطہ رکھیں تاکہ ان کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل ہو اور انھیں بروقت حل کیا جا سکے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاوس کوئٹہ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ یہ بات ہم نے اپنے سیاسی اکابرین سے سیکھی ہے کہ عوامی کی خدمت ہی سیاسی قیادت کی عظمت کی ضامن ہے. آگر ہماری سیاست کی اساس عوامی کے حقوق و اختیارات کے اضافے پر ہو تو جمہوری اقدار، جمہوری روئے اور عمومی طور پر جمہور کی جمہوریت کو مستحکم بنایا جا سکتا ہے.

یہ امر باعث افسوس ہے کہ اکثر ترقی پذیر ممالک میں سیاسی قیادت غریب اور محروم عوام سے مسلسل رشتہ برقرار نہ رکھنے کے باعث اصل سیاسی دھارے سے کٹ جاتی ہے

جس سے ایک جانب محرومی میں اضافہ ہوتا اور دوسری جانب خود سیاسی قیادت تنہائی کا شکار ہو جاتی ہے لہٰذا ضروری ہے کہ اس کمزوری پر قابو پایا جائے اور اور سیاسی قیادت اور عوام کے درمیان رشتے کو مضبوط، فعال اور مستحکم بنایا جائے تاکہ معمول کا سیاسی اور جمہوری عمل آگے بڑھتا رہے.۔