|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2024

کوئٹہ :پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کا سربراہ منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اپنے محبوب قائد کی قیادت میں ملک میں آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی خودمختیار، قوموں کی برابری کے حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام ، جمہور کی حکمرانی اور قوموں کے وسائل ان کے واک واختیار دلانے کیلئے ملک کی سطح پر بننے والی ہر جمہوری تحریک میں صف اول کا کردار ادا کرتی رہیگی اور اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ کے بانی برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی فرنگی استعمار کے ظلم وجبر غلامی سے عوام کو نجات دلانے اور ملک کے قیام کے بعد ملک کو آئین دینے ، عوام کو ون مین ون ووٹ کا حق دلانے ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، جمہور کی حکمرانی ، محکوم اقوام ومظلوم عوام کو حق حکمرانی دلانے ، پشتون قومی وحدت کیلئے برسرپیکار ہوکر جدوجہد کرتے رہے اور ان مطالبات پر انہیں نہ صرف انگریزوں بلکہ ملک کے آمرانہ قوتوں کی جیلوں میں مسلسل قید وبند کی سزائوں کا سامنا کرنا پڑا اور اپنی زندگی کا نصف حصہ کم وبیش 33سال خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی ملک کے مختلف شہروں کے جیلوں میں گزارتے رہے اورآخر کار انہیں 2دسمبر1973کو اپنے ہی گھر میں بموں سے شہید کیا گیا ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئین ، جمہوریت کیلئے پشتونخوامیپ کی تاریخی جدوجہد اورلازوال قربانیاں سب سے زیادہ ہیں اور پارٹی اپنے اصولی موقف ، بیانیہ اور جمہوری جدوجہد کے بدولت ملک کے جمہوری قوتوں کے صفوں میں اہم مقام حاصل کرچکی ہے آج بھی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی سربراہی میںاپنے نئے اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا حصہ ہے اور اس اہم بنیادی جمہوری تحریک کی قیادت پارٹی چیئرمین محمود خا ن اچکزئی کررہے ہیں ۔ پشتونخوا وطن اور ملک بھر میں پارٹی کے تمام کارکن اس کی ذیلی تنظیمیں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہر قسم کے قومی ،سیاسی ،جمہوری جدوجہد کیلئے تیار رہتے ہوئے اس تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرینگے اور اپنے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں اتحادیوں کے ساتھ شامل ہوکر جدوجہد میں صف اول کا کردار ادا کرینگے ۔

بیان میں اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس اتحاد کے سربراہ کیلئے محمود خان اچکزئی جیسے قومی سیاسی جمہوری لیڈر کا انتخاب کیا اور ہمیں امید ہے کہ تمام جماعتیں اس سیاسی جمہوری تحریک کے ساتھ ملکر باہمی اتحاد واتفاق سے کامیابی سے ہمکنار کرینگے اور ملک میں آئین کو تحفظ دینے ، آئین کی بالادستی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ بیان میں اس تحریک کے آغاز میں پشتونخوامیپ کی مہزبانی میں ضلع پشین کے جلسے اور چمن پرلت میں ہزاروں عوام کی شرکت پر دونوں اضلاع کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عوام نے بارانی موسم کی شدت کی صورتحال ، بارش ، ندی نالوں کی طغیانی ،گروغبار کے طوفانی ہوائوں، راستوں کی بندش ، سرکاری رکاوٹوں کے باوجود جلسوں کے انعقاد کو یقینی بناکر اپنی قومی ، سیاسی ، جمہوریت پسندی ، عوام ، قوم اور وطن دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا قومی فریضہ ادا کیا ہے جس پر ہم ان کے انتہائی مشکور ہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *