|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2024

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر خضدار ضمنی انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں جو کسی صورت کامیاب نہیں ہوگی ریٹرننگ آفیسر ہونے کے ناطے انہیں غیر جانبدار کردار ادا کرنا چاہئے وڈھ کی مخدوش صورتحال سے آج تک تمام تر سازشوں میں موصوف برابر کے شریک ہیں

چیف الیکشن کمشنر کو حالات سے آگاہ کر دیا گیا ہے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اور صوبائی الیکشن کمشنر پولنگ اسکیم کو شفاف بناتے ہوئے جانبدار ریٹرننگ آفیسر کی تبدیلی کو یقینی بنائیں بی این پی اور جمعیت کے آج کے عظیم الشان جلسہ نے انتخابات سے قبل ہی نتیجہ بی این پی کے امیدوار کے حق میں دیدیا ہے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کی گئی تو تمام تر حالات کے خرابی کی ذمہ داری مرکزی و صوبائی حکومتوں اور جانبدار ڈپٹی کمشنر پر عائد ہوگی انہوں نے کہا کہ آج ملک اور صوبے کی قد آور سیاسی شخصیت بی این پی کے سربراہ ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہیں مگر حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے

جو قابل افسوس ہے بلوچستان کے عوام کا اعتماد پارلیمانی عمل سے اٹھتا جا رہا ہے 8فروری کے انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کر کے فارم 47کے ذریعے من پسند اور پیسوں کے عیوض لوگوں کو کامیاب کرایا گیاجس سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ایک بار پھر21اپریل کے ضمنی انتخابات میںپی بی 20پر 8فروری کے تاریخ کو دہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس میں ایک ایسے شخص کو کامیاب کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے

جن کے کردار و عمل سے ملک و بلوچستان کا ہر ذی شعور بخوبی واقف ہے پتہ نہیں کیوں ادارے بلوچستان کو اس نہج پر پہنچانا چاہتے ہیں جہاں سے واپسی مشکل ہے اس سے قبل بھی طاقت اور غیر پالیسیوں کے ذریعے بلوچستان کو بحرانوں سے دوچار کیا گیا اور اب بھی ناروا پالیسیاں جاری ہیں فوری طور پر الیکشن کمیشن کے ارباب اختیار، مرکزی و صوبائی حکومتیں 21اپریل سے قبل جانبدار ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ کرکے غیر جانبدار شخص کو تعینات کریں امن و امان کوبحالی اور صاف شفاف انتخابات کیلئے راہ ہموار کی جائے –

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *