|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2023

وزیراعظم کے معاون خصوص عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا بائیکاٹ نہیں کیا۔

اپنے ایک آڈیو بیان میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اس لیے ٹکٹیں نہیں دیں کہ ہم 14 مئی کے انتخابات کو نہیں مانتے۔ ہم نے سپریم کورٹ میں بھی یہی مؤقف اپنایا ہے۔ بائیکاٹ تب ہوتا جب ہم اپنے امیدواروں کے کاغذات واپس لیتے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب انتخابات میں کسی امیدوار کو بھی ٹکٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

دوسری طرف پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے لاہور کے 30 حلقوں سے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔ پی ٹی آئی نے لاہور سے تین سابق صوبائی وزراء کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔ سابق صوبائی وزراء میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔

پیپلز پارٹی نے بھی تاحال پنجاب اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹس جمع نہیں کروائے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی جانب سے تاحال کوئی ہدایات موصول نہیں ہوئیں۔

فیصل میر نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق الیکشن میں جانے کا فیصلہ کرے گی۔ بلاول بھٹو آج سپریم کورٹ میں پیش ہو رہے ہیں، امید ہے آج مثبت پیش رفت ہوگی۔