|

وقتِ اشاعت :   April 20 – 2023

 اسلام آباد: وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے لیے بھارت جائیں گے۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔

دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ کی بھارت میں منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت پاکستان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے ساتھ کمٹمنٹ اور بلاول بھٹو زرداری کا دورہ بھارت پاکستان کی خطے کے لیے ترجیحات کا عکاس ہے۔ بلاول بھٹو زرداری بھارت کے دورے میں ایس سی او شیڈول کے مطابق  ملاقاتیں بھی کریں گے۔

 

بھارت نے پاکستان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ مناسب وقت میں اس دعوت نامے کا جواب دیا جائے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس 4 اور 5 مئی کو ہوگا۔

دفترخارجہ نے رواں سال کے آغاز میں بھارت کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے مدعو کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ  مناسب وقت میں اس دعوت نامے کا جواب دیا جائے گا۔  پاکستان اور بھارت دونوں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں۔ کسی بھی پاکستانی وزیرخارجہ کا  12 سال بعد یہ پہلا دورہ بھارت ہوگا۔