|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2023

سی پیک کا مرکز و محور گوادر ہمیشہ توجہ کا طلبگار رہا ہے

بہت بڑے منصوبے سے جڑا گوادر کئی دہائیوں سے بہت سارے مسائل کا شکار ہے جس میں خاص کر پینے کا صاف پانی شامل ہے،

گوادر کے عوام پینے کا پانی مہنگے داموں ٹینکروں سے خریدنے پر مجبور ہیں۔

ماہی گیروں کی بستی کے غریب عوام کس طرح سے موجودہ مہنگائی کے دور میں ٹینکر کا پانی خرید سکتے ہیں ان کے روزگار کا ذریعہ ماہی گیری اور چھوٹی مزدوری ہے محدود وسائل سے بمشکل وہ اپنا گھر کا چولہا جلاتے ہیں تجارت بارڈر کے ذریعے ہوتی ہے مگر اسے قانونی طور پر ایک میکنزم میں لاکر معیشت کو بہتر بناتے ہوئے ذرائع معاش کو آسان بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔

بہرحال گوادر کے عوام کا پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل ہونے جارہا ہے یہ ایک بڑا اچھا عمل ہے

اس سے گوادر کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کی شراکت سے گوادر میں سمندری پانی کوقابل استعمال بنانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ گزشتہ روز نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے منصوبے کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ گوادر کیلئے پینے کا صاف پانی ایک پرانا مسئلہ تھا جسے حل کردیا گیا،سی پیک کے ذریعے گوادر کے عوام ترقی کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر اور بلوچستان ترقی کی دوڑ میں آگے ہی جائیں گے،نوجوانوں کو گوادر میں کام کے مواقع میسر ہوں گے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ برادرانہ مضبوط تعلقات ہیں،چین نے کروڑوں لوگوں کو بے مثال انداز سے غربت سے نکالا ، صدر شی چن پنگ نے چین کی ترقی کو نئی جہتوں پر پہنچایا۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے برس میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی،

بلوچستان کے ساتھ میری خاص نسبت ہے۔ بہرحال گوادر سمیت بلوچستان کو ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کیلئے سی پیک سے جڑے دیگر اہم منصوبوں کی تکمیل کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت ہے جس سے بلوچستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائے گا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اچھا تحفہ گوادر کے عوام کو دیا ہے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے ان کا عزم قابل تعریف ہے۔ امید ہے کہ سی پیک کے ثمرات سے بلوچستان کا نقشہ بدل جائے گا یہاں بھی تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی جبکہ دیگر مسائل بھی حل ہونگے اس طرح کے اقدامات سے بلوچستان کے عوام سمیت ہر طبقے میں ایک روشن مستقبل کی امیدجاگ اٹھے گی۔