گوادر : سندھ کے ٹرالرز بلوچستان کی سمندری حدود میں سمندری حیات کی نسل کشی اور مقامی ماہیگیروں کی معاشی قتل عام میں مصروف عمل ہیں ، بلوچستان حکومت ہماری سمندری معاش اور املاک کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے۔ سندھ کے ٹرالروں کے خلاف بلوچستان حکومت کے اختیارات وفاقی حکومت کو منتقل کئے جائیں اور PMSA کو ٹرالرز کے خلاف مکمل کاروائی کی اجازت دی جائے۔ اگر وفاقی اور صوبائی اداروں نے ہمارے معاش کو تحفظ فراہم کرنے اور ٹرالرنگ کے عمل کی مکمل تدارک کے لیئے اقدامات نہ اٹھائے تو ہم ضلع بھر کے ماہیگیر سخت سے سخت احتجاج کرنے کے لیئے حق بجانب ہونگے ۔
تربت: ایف سی کمانڈنٹ بلیدہ سے بارڈر ٹریڈ یونین کے ممبران کی ملاقات، ایف سی کیمپ بلیدہ میں تربت، ناگ، زامران اور بلیدہ سے تعلق رکھنے والیبارڈرٹریڈ یونین کے وفد نے یونین کے صدر اسلم شمبے زائی اور جنرل سیکرٹری گلزار دوست کی سربراہی میں کمانڈنٹ بلیدہ سے ملاقات کی۔ وفد نے بارڈر کے مسائل کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی – ان کا کہنا تھا کہ مکران کے لوگوں کے لیے ایک عبدوئی بارڈر کھلا ہوا ہے، ایف سی کمانڈنٹ نے وفد کو یقین دلایا کہ ایف سی بلوچستان آ پ کے روزگار کے سلسلے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرے گی۔
تربت: نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے کہاہے کہ نہ صرف کیچ مکران بلکہ بلوچستان بھرمیں پارٹی تیزی سے فعال ومنظم ہورہی ہے، اگلا دورنیشنل پارٹی کاہے، بلوچستان میں ڈاکٹرمالک بلوچ کے پائے کا لیڈرنہیں ہے جو ایک وسیع سوچ اور قومی فکرکے ساتھ بلوچ وبلوچستان کو بہتر وخوشحال مستقبل کی جانب گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتاہو، 23مئی کاگرینڈ شمولیتی پروگرام وریلی مکران کی سیاست میں مثبت تبدیلی کاپیش خیمہ ہوگا، کارکنان کے جذبے کو داد دیتاہوں۔
تربت: ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان نے کہا ہے کہ تربت میں خسرہ کی وبا پر نوٹس لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں متاثرہ علاقہ کا دورہ کرنے کے علاوہ متاثرین کی خون کے سمپل لیے گئے ہیں، ہر حال میں عوام کے جانوں کی تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی این پی عوامی کے مرکزی رہنما میر صادق تاجر سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے کیا۔
گوادر: گوادر ماہیگیر اتحاد کے کابینہ کا اجلاس، ماہیگیروں کو درپیش مسائل زیر بحث، بڑھتی ہوئی ٹرالرنگ پر تشویش کا اظہار، غیرقانونی ٹرالرنگ کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوادر ماہیگیر اتحاد کے کابینہ کا اجلاس صدر خداداد واجو کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماہیگیروں کو درپیش مسائل اور سندھ کے ٹرالروں کی گوادر کے سمندر میں جاری ٹرالرنگ کے مسئلے پر بحث کیا گیا۔
تربت: بی ایس او کے چیئرمین ظریف رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کے صوبائی وزیر نے سیاسی انتقام کی بنیاد پر میرے گھر پر فورسز بھیج کر چھاپہ لگوایا۔ بلوچی چادر و چار دیواری کی سنگین پامالی کی، گھر کے اندر توڑ پھوڑ اور خواتین و بچوں کو دہشت کا نشانہ بنایا اور تمام بلوچی روایات و اقدار کو روندتے ہوئے آئین و قانون کی بھی خلاف ورزی کی۔
تربت: شاہ آباد کو خسرہ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، درجنوں بچے متاثر، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر فاروق رند کے مطابق آج شام ایک ٹیم شاہ آباد بھیج کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
تربت: تربت میں خوف ناک ٹریفک حادثہ، 8 افراد ہلاک 5زخمی ہوگئے۔ ہفتے کی شام تربت میں سنگئی کراس پر کرولا کار اور بولان سوزوکی کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں کرولا گاڈی میں سوار 3افراد بھی شامل ہیں جو مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ترجمان مجید دشتی ایڈووکیٹ کے قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں،
تربت: بلیدہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے نوجوان جان بحق۔ گزشتہ شب بلیدہ کے علاقہ سلو میں یاسر ولد ظفر نامی نوجوان کو نامعلوم افراد نے گھر سے بلا. کر قتل کردیا، اہل خانہ کے مطابق عشاء کے وقت انہیں کسی نے فون کرکے بلایا جب وہ چلے گئے تو ان کی لاش ملی۔ یاسر ظفر جامعہ کراچی میں شعبہ جیالوجی کے طالب علم تھے جو کرونا وائرس کی وجہ سے جامعہ بند ہونے کے بعد چھٹیاں گزارنے گھر آئے تھے۔
تربت: تربت میں انتظامیہ نے زبردستی لاک ڈاؤن کرادیا، دکانداروں کا شہید فدا چوک پر دھرنا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تربت عقیل کریم اور ایس ایچ او روشن علی نے اتوار کو لاک ڈاؤن کرادیا اور زبردستی دکانیں بند کردیں، انتظامیہ کے خلاف دکانداروں نے شہید فدا چوک پر دھرنا دے کر احتجاج کیا، انہوں نے کہا کہ عید کے سیزن میں لاک ڈاؤن کے نام پر زبردستی دکانوں کو بند کرنا سراسر زیادتی اور نا انصافی ہے، عید کے سیزن میں دکان دار لاکھوں روپے مالیت کے سامان لاتے ہیں اگر لاک ڈاؤن کے نام پر بازار بند کیے گئے تو ہر دکان دار کو لاکھوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، انتظامیہ کے پاس اگر دکانداروں کا خسارہ پورا کرنے کا انتظام ہے تو ٹھیک ہے ۔